بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے پاکستان مخالف زہر اگلنا شروع کردیا۔ اپنے بیان کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر منہ کی کھانی پڑ گئی۔
ورن دھون اپنی ہٹ فلموں اور مقبول گانوں کی بدولت پاکستان میں بھی خاصی پہچان رکھتے ہیں، حال ہی میں ورون دھون نے اپنی آنے والی پروپیگنڈا فلم کے گانے کی لانچ تقریب کے دوران پاکستان کے خلاف متنازع بیان دیا ہے۔
فلم میں سنی دیول اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، یہ فلم بھی پروپیگنڈا قرار دی جا رہی ہے۔
گانے کے لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورن دھون نے کہا کہ اس اسٹیج پر کھڑے ہو کر اور آپریشن سندور کے پوسٹرز دیکھ کر بس یہی کہہ سکتا ہوں کہ یہ شاندار ہے، اگرچہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو امن اور محبت کو فروغ دیتی ہے، لیکن ایسی فلمیں بنانا ضروری ہیں تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو بتا سکیں کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کر سکتے ہیں۔
ساتھ میں ورون دھون یہ بھی کہا کہ ہم نے ایک ملک کو آزادی کا تحفہ دیا تھا۔ اس بار ہم سرحدوں پر نہیں جائیں گے بلکہ سرحدیں بدل دیں گے۔
ورون دھون کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر خاص طور پر پاکستانی صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ جہاں انہیں بھارت کی حالیہ عسکری ناکامیوں کے تناظر میں خوب ٹرول کیا گیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’لگتا ہے آپ حقیقت بھول گئے ہیں، اسکور تو 0-6 ہے‘، ایک اور نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ بدلہ صرف فلموں میں ہی لیتے ہیں‘، کسی نے لکھا کہ ’آپ پاکستان کے جنون میں مبتلا ہیں، بس ہمارے بارے میں سوچتے رہتے ہیں‘۔
ایک اور تبصرہ تھا کہ ’یہ ایک زبردست مذاق ہے، اصل جنگ تو آپ لوگ لڑ نہیں سکتے‘، ایک صارف نے کہا کہ ’جب بھی موقع ملتا ہے، یہ ہمارے خلاف نفرت دکھاتے ہیں‘، جبکہ ایک طنزیہ تبصرہ یہ بھی تھا کہ ’جب کوئی ہم پر حملہ کرے گا تو بھارت جواب بالی ووڈ فلم کے ذریعے دے گا۔‘