ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف احتجاج اور جعلی رسیدوں سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے سماعت کی۔
وکیلِ صفائی نے عدالت کو بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی تاحال ویڈیو لنک پر حاضری نہیں کرائی گئی۔
اس پر جج افضل مجوکہ نے کہا کہ ویڈیو لنک پرحاضری سے متعلق جیل حکام کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، اسی مہینے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کر دوں گا۔
بعد ازاں عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی راولپنڈی کے 10مقدمات میں بھی شاملِ تفتیش ہو گئی ہیں۔
بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے 31 مقدمات کی تفتیش کے لیے 7 تفتیشی افسران اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔
6 تفتیشی افسران کا راولپنڈی اور ایک کا تعلق چکوال سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکلاء فیصل ملک، حسنین سنبل ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔