غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا غزہ کو خریدا گا نہیں بلکہ اس کا انتظام سنبھال لے گا، ہم اسے اپنے پاس رکھیں گے ،انہوں نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کو ہتھیائے جانے کی حمایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ وہ مغربی کنارے کے اسرائیل کیساتھ الحاق کے حامی ہیں ، اردن اور مصر میں غزہ کے رہائشیوں کیلئے جگہ مخصوص ہوگی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ اردن عبداللہ دوئم کیساتھ ملاقات کے بعد ان کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ اس دوران شاہ عبداللہ نے کہا کہ عرب ممالک اپنا منصوبہ لیکر امریکا آئیں گے تاہم انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر قبضے کی واضح طور پر حمایت یا مخالفت نہیں کی۔ شاہ عبداللہ دوئم نے کہا کہ ان کا ملک غزہ میں موجود 2ہزار بیمار بچوں کو اپنے ملک منتقل کرنے کیلئے تیار ہے۔ قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی ختم کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔