• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر ڈوگر کی بات پر قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قہقہے

عامر ڈوگر—فائل فوٹو
عامر ڈوگر—فائل فوٹو

چیئرمین کمیٹی قائمہ کمیٹی عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہم تو کچھ بھی نہیں کرتے جتنی سیاست ہمارے سول سرونٹس کرتے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور  بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پیر فضل علی شاہ جیلانی نے سوال کیا کہ ساری دنیا میں کہاں این ٹی ایس ہے؟

ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور عطاء الرحمٰن نے کہا کہ ساری دنیا میں مختلف قوانین ہوتے ہیں، این ٹی ایس کا پیپر وزارتِ مذہبی امور نہیں بناتی، نصاب ہم دیتے ہیں، پیپرز میں عربی زبان سے متعلق بھی مواد ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاونین کی عمر کی بالائی حد 50 سال ہے، فرانس میں سرکاری ملازمین چھٹی لے کر الیکشن لڑتے ہیں، وزیر بن جاتے ہیں اور مدت پوری ہونے پر واپس آ جاتے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی عامر ڈوگر نے کہا کہ یہاں تھوڑا ہلکے پھلکے انداز میں بات کروں گا، ہمارے ملک میں سول سرونٹس کو چھٹی لینے کی ضرورت نہیں، وہ ویسے ہی سارا دن سیاست کرتے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی ملک عامر ڈوگر کے ریمارکس پر اجلاس قہقہوں سے گونج اٹھا۔

ممبر کمیٹی بشیر خان نے اجلاس میں کہا کہ کار کے ذریعے بذریعہ سڑک حج پر جا سکتے ہیں، گاڑی کی آدھی قیمت کے برابر سیکیورٹی جمع کرانا ہوتی ہے۔

بشیر خان کا کہنا ہے کہ براستہ سڑک جانے والے عازمین کو جن ملکوں سے گزرنا ہے وہاں کا ویزا لینا لازم ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری نے مؤقف اپنایا ہے کہ کوئی پرائیویٹ طور پر براستہ روڈ حج پر جانا چاہتا ہے تو ہم این اوسی دیں گے۔

ممبر کمیٹی شگفتہ جمانی نے کہا کہ بحری طریقے سے بھی حج کی سہولت دینا چاہیے۔

عطا الرحمٰن نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بحری جہاز کی سروس نہیں اس لیے نہیں بھیج سکتے، اگر بحری جہاز  چلیں تو ہمیں بحری جہاز  پر بھیجنے پر  کوئی مسئلہ نہیں۔

قومی خبریں سے مزید