امریکا میں 9 سالہ کیلیب چابولا ایک خطرناک سوشل میڈیا ٹرینڈ کے دوران بری طرح جل گیا۔
رپورٹس کے مطابق کیلیب نے ٹک ٹاک پر لائکس کے لیے ایک پلاسٹک کا کھلونا مائیکرو ویو میں ڈال کر ویڈیو بنائی، ابتدائی طور پر اس کی والدہ نے سمجھا کہ وہ اپنا ناشتہ تیار کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ تھی کہ کیلیب ایک سینسری یا اسٹریس بال کھلونا گرم کر رہا تھا۔
جب کیلیب نے مائیکرو ویو کھولا تو کیوب پھٹ گیا اور جیل نما مواد اس کے چہرے اور ہاتھوں پر چھلک گیا، جس کے نتیجے میں اسے سیکنڈ ڈگری جلنے کے زخم آئے اور اس کی آنکھ بھی مکمل طور پر سوج گئی۔
کیلیب کی والدہ نے بتایا کہ انہیں کیلیب کی چیخ سنائی دی، انہوں نے فوراً اسے برن سینٹر منتقل کیا۔
برن سینٹر کی نمائندہ کیلی میک ایلیگوٹ نے کہا کہ جیل نما مواد بہت چپچپا اور دیر تک گرم رہنے والا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے زخم زیادہ شدید ہو گئے۔
انہوں نے والدین کو خبردار کیا کہ ایسے کھلونوں کو مائیکرو ویو یا کسی بھی طریقے سے گرم نہ کریں، کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ہیں۔
سینئر نرس برن سینٹر کے مطابق کیلیب خوش قسمت ہے کہ اسے زیادہ سنگین چوٹیں نہیں آئیں، کیونکہ یہ رجحانات کم عمر بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ٹک ٹاک کے ترجمان نک اسمتھ نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر خطرناک سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے مواد کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی ویڈیوز کو خودکار طور پر ہٹا دیتے ہیں اور گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی میں ہم نے 99.8 فیصد مواد پہلے ہی ہٹا دیا تھا اور 24 گھنٹوں کے اندر 97 فیصد ویڈیوز ہٹا دی گئی تھیں۔