• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر کا یومِ یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دیا جائے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ بھارت کا غیرقانونی قبضہ عالمی ضمیر کے لیے سنگین چیلنج ہے، 5 اگست 2019ء کے اقدامات سے بھارت نے کشمیر پر قبضہ مزید مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں، کشمیری قیادت کی گرفتاریاں اور میڈیا پر پابندیاں قابلِ مذمت ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گھروں کی مسماری اور ڈیجیٹل آزادیوں پر قدغن حقائق چھپانے کی کوشش ہے، مقبوضہ کشمیر میں مساجد اور مذہبی اداروں کی پروفائلنگ مذہبی امتیاز کی عکاس ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کو مذہبی آزادی کا ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے، جنوبی ایشیاء میں امن و امان مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے،پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید