وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنادیا ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خود ارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت و سلام پیش کرتی ہوں، جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا قانونی کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک خطے میں پائیدار امن خواب ہی رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انشا اللّٰہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھے گی۔