کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صنعت کارباپ بیٹے کے جاں بحق ہونے پرایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا غم و غصے کا اظہار، ٹرالرز کو لگام دینے اورشہر میں داخلے پر پابندی لگانے کا مطالبہ، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے آئی سی آئی پل پر ٹرالر کی ٹکر کے ایک المناک حادثے میں معروف صنعت کار اشرف آدمانی اور ان کے بیٹے نوید آدمانی کی ناگہانی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کمشنر کراچی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے بزنس کمیونٹی سمیت کراچی کے عوام کی جان و مان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے ہیوی گاڑیوں بالخصوص شہر میں تیز رفتار ٹرالرز کے خلاف فوری اقدامات اور دن کے اوقات میں عائد پابندی پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ احمد عظیم علوی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ مذکورہ واقعے کے بعد صنعتکار برادری کی انتہائی صدمے کی حالت میں ہے۔ صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے خدشہ ظاہر کیاکہ اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو کراچی میں امن وامان کا سنگین مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہیوی گاڑیاں جنہیں رات کے صرف مخصوص اوقات میں چلنا چاہیے، دن بھر شہر میں دندناتے کھائی دیتی ہیں۔ان بے لگام ٹرالرز کو لگام دینے میں ناکامی سندھ حکومت کی رِٹ پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو ان بے لگام ٹرالرز کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے اور بے قابو ٹرالرز سے ہونے والی مزید تباہیوں کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔