اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر اطلاعات،عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی خلائی تحقیق کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے‘ایک سال میں پاکستانی خلاباز چینی اسپیس اسٹیشن میں سفر کرسکیں گے‘ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم خلا میں بھی جائے گاجبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کاکہناہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون کاسمجھوتہ اورپہلے پاکستانی خلا باز کو چین کے خلائی اسٹیشن تک لے جانے کااقدام پاک چین دوستی کاایک نیاباب ہے‘ کاروباری برادری اور صنعت کار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کو درپیش مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے‘ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے ایک بڑا کام مکمل کر لیا گیا ہے‘براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے پچھلے ایک سال کے دوران معاملات تیزی سے آگے بڑھے ہیں‘نئے وفاقی وزراء‘وزراء مملکت اور مشیروں کا انتخاب قابلیت او ر صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے‘ ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جوابدہ ہیں‘ کابینہ ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ اور متواتر خود جائزہ لوں گا ‘روس کے ساتھ سفارتی‘ تجارتی ‘توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مزید بڑھانا چاہتے ہیں ۔گزشتہ روزروس کے اول نائب وزیر برائے توانائی پاول سوروکن نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم سے ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کا وفدبھی ملا‘علاوہ ازیں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا۔ وزیر اعظم نے ملک کی شرح نمو میں پائیدار بہتری کے حوالے سے کاروباری شخصیات اور صنعت کاروں سے تجاویز مانگ لیں‘وزیراعظم نے اس حوالے سے کاروباری شخصیات ، صنعت کاروں اور حکومتی وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ یہ کمیٹی دو ہفتوں کے اندر پائیدار شرح نمو کے حصول کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دے گی۔