کوئٹہ (پ ر)یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور تدریسی معیار کو مزید بلند کرنے کے لئے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر این اے ایچ اے نور آمنہ ملک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر ممتاز بلوچ، ڈپٹی رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ سمیت جامعہ کے فیکلٹی ممبران اور دیگر تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ تربیتی سیشن میں ملک کی مختلف جامعات کے تجربہ کار ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور یونیورسٹی آف مکران کے اساتذہ کو جدید تدریسی مہارت، تحقیقاتی تکنیک اور تعلیمی ترقی کے نئے رجحانات سے روشناس کرایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی قیادت میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ یونیورسٹی آف مکران کے تمام فیکلٹی ممبران کے لئے ایک مکمل اور جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا جو ایک اہم تعلیمی پیشرفت ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کو مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور ایچ ای سی اس مقصد کے لئے ہر سطح پر معاونت جاری رکھے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے این اے ایچ ای کی منیجنگ ڈائریکٹر نور آمنہ ملک، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جن کی انتھک محنت اور تعاون کے باعث یہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔