• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کی انڈونیشیا میں مشق میں شرکت

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

پاک بحریہ کے تباہ کن جہاز پی این ایس اصلت نے انڈو نیشیا میں کثیر الا قوامی بحری مشقوں میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کوموڈو 25 نامی مشق نے میری ٹائم پارٹنر شپ فار پیس اینڈ اسٹیبلیٹی تھیم پر مشتمل سمندری تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے لیے تقریباً 38 ممالک کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے۔

بالی، انڈونیشیا میں منعقد ہونے والی یہ کوموڈو سلسلے کی 5 ویں مشق ہے، جس میں پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت بھی حصہ لے رہا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی این ایس اصلت اس وقت بیرونِ ملک تعیناتی پر ہے۔

مشق کوموڈو 25 میں جہاز کی فعال شرکت بین الاقوامی بحری تعاون اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مشق میں شامل پی این ایس اصلت نے دیگر جنگی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور شریک ممالک کے طیاروں کے ساتھ اپنی بحری صلاحیتوں اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کیا۔

 اس سے پہلے  پی این ایس اصلت سری لنکا کے دورے پر گیا تھا، جہاں بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفسر نے کمانڈر ویسٹرن نیول ایریا اور دیگر فوجی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاک بحریہ کے جہاز ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول (RMSP) پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں جس کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کے لیے بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنا، کھلے سمندروں پر آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانا اور مشترکہ وسائل کی حفاظت کرنا شامل ہوتا ہے، پی این ایس اصلت کا سری لنکا اور انڈونیشیا کا دورہ دونوں دوست ممالک کے ساتھ بحری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید