دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 بھارتی شہروں کا فضائی معیار آلودہ قرار پایا ہے، جن میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سرِ فہرست ہے۔
سوئس ایئر کوالٹی ٹیکنالوجی کمپنی آئی کیو ایئر نے ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ 2024ء جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق 2024ء کے دنیا کے آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں بھارت کا شمار پانچویں نمبر پر کیا گیا۔
اس رپورٹ میں دنیا کے 20 سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے، ان 20 شہروں میں سے 13 بھارتی شہر شامل ہیں جن کا فضائی معیار آلودہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست آسام کا صنعتی علاقہ بیرنیہاٹ 2024ء میں فضائی آلودگی میں سرِ فہرست رہا۔
دنیا کے آلودہ ترین ملکوں میں افریقی ملک چاڈ پہلے، بنگلادیش دوسرے، پاکستان تیسرے، کانگو چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق آلودہ ترین دارالحکومتوں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سرِ فہرست ہے، جس کے بعد چاڈ کا دارالحکومت (N'Djamena)، بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکا، کانگو کا دارالحکومت کنشاسا اور پانچویں نمبر پر پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں پرٹیکولیٹ میٹر کی مقدار 50.6 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو عالمی ادارہ صحت کے محفوظ معیار سے 10 گنا زیادہ ہے، پاکستان کے 5 شہروں میں نومبر کے دوران آلودگی کی سطح 200 مائیکرو گرام سے تجاوز کر گئی۔
رپورٹ کے مطابق بوسنیا یورپ کا سب سے آلودہ ملک رہا جبکہ صرف 7 ممالک آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، آئس لینڈ، بہاماس، بارباڈوس، گریناڈا اور اسٹونیا عالمی ادارۂ صحت کے مقررہ معیار پر پورے اترے۔
ماحولیاتی آلودگی عالمی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جو 2021ء میں 81 لاکھ قبل از وقت اموات کا باعث بنی ہے۔