• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، نیدرلینڈز، یورپی یونین کی جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت

امریکا، نیدرلینڈز اور یورپی یونین نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

امریکی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی جسے امریکا نے عالمی دہشتگرد گروپ قرار دیا ہے۔

سفارتخانے نے کہا کہ متاثرین، ان کے اہلخانہ اور واقعے سے متاثرہ تمام افراد سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، امریکا پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہے گا تاکہ شہریوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب سفارتخانہ نیدرلینڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، تشدد کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتا، ہماری ہمدردیاں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔

ادھر یوپی یونین نے بھی مذمتی بیان جاری کیا جس میں پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین 11 مارچ کو بلوچستان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہماری دلی ہمدردیاں پاکستان کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم یرغمالیوں کے حوالے سے اپنی گہری تشویش کا اظہار اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید