’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے مشہور سابق قومی کرکٹر، دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی فرنچائز کا مطالبہ کر دیا۔
گزشتہ روز ایک نجی پروگرام کے دوران ایک سوشل میڈیا صارف نے شعیب اختر سے سوال کیا کہ اگر آپ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیلتے تو کِس فرنچائز کے لیے کھیلنا پسند کرتے؟
اس سوال کے جواب میں شعیب اختر نے بھرپور اور جوشیلے انداز میں کہا کہ میں کسی فرنچائز کے لیے نہیں کھیلتا بلکہ میں اپنی فرنچائز بناتا، یا تو میں کسی فرنچائز کا مالک ہوتا یا اپنی فرنچائز ’پنڈی ایکسپریس‘ لانچ کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی فرنچائز ’پنڈی ایکسپریس‘ ہونی چاہیے، اس فرنچائز کا کرکٹ کلچر اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولرز ڈھونڈنا ہوتا، میں اپنی فرنچائز میں تگڑے قسم کے بولرز کو شامل کرتا جو جارحانہ بولنگ کرتے۔
شعیب اختر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کو فاسٹ بولرز کے ذریعے نئی پہچان ملتی، راولپنڈی نے تھوڑے عرصے میں بڑا ٹیلنٹ پیدا کیا ہے، مجھے لگتا ہے یہاں کی اپنی ٹیم ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی سے کئی فاسٹ بولرز قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں موجودہ ٹیم میں محمد وسیم اور حارث رؤف شامل ہیں۔