جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک شاندار الوداعی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں جاپان بھر سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افطار ڈنر میں جاپان میں مقیم تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان، کاروباری شخصیات، مذہبی رہنما اور کمیونٹی رہنما شریک ہوئے۔
تقریب میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، تحریکِ انصاف، منہاج القرآن، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور سفیرِ پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض عرفان صدیقی اور شاہد مجید نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔
تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے جاپان رضا بشیر تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ جاپان میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اس کے علاوہ سفارت خانے کے پریس قونصلر مقرب صاحب بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور یک جہتی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ جاپان میں بسنے والے پاکستانی ہمارے حقیقی سفیر ہیں، یہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہیں چاہیے کہ اپنے اتحاد و اتفاق سے پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیں اور ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو چاہیے کہ تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور جاپان میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں، ایک مضبوط، متحد اور متحرک کمیونٹی ہی ملک کے تشخص کو بہتر بنا سکتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر میزبان محمد عرفان صدیقی نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات ناصرف روزے داروں کے لیے برکت کا باعث بنتی ہیں بلکہ کمیونٹی کے اتحاد کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔