پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کی زیر صدارات جامعہ این ای ڈی کے سنڈیکیٹ کا 212ہواں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سید غضنفر حسین نقوی کو این ای ڈی کا مستقل رجسٹرار اور صفی احمد زکائی کو مستقل کنٹرولر امتحانات جبکہ ڈاکٹر مبشر خان کو کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا چیئرمین اور فروا حسن کو کمیونیکشن منیجر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
ڈپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کے تحت ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس سرور امتیاز، ایڈیشنل رجسٹرار لیگل عامر نصیر، ایڈیشنل رجسٹرار تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مخدوم ہاشمی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ورکس اینڈ سروسز اظہر اقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ حسیب انصاری و دیگر کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں منیجمنٹ سائنس پروگرام میں ایم ایس پروگرام کے آغاز کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں اپنے سابقہ طالب علموں کی مادرِ علمی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوۓ پیٹرولیم انجینئرنگ کے ویڈیو کانفرنس ہال کو انجینئر عاصم مرتضیٰ خان، میکینکل انجینئرنگ کے کانفرنس روم کو انجینئر عباس ساجد اور سول انجینئرنگ کے ڈرائنگ ہال کو انجینئر فاروق عربی کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں چیئرمین آئی ای پی انجینئر سہیل بشیر نے المنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ انڈومنٹ فنڈ کے لیے ایک کروڑ اور انجینئر فاروق عربی نے دس لاکھ روپے کے عطیے کے چیک شیخ الجامعہ کو پیش کیے۔
یاد رہے کہ بحیثیت وائس چانسلر یہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کے دوسرے دور کا آخری سنڈیکیٹ اجلاس تھا، جس میں ممبران نے تالیاں بجاکر شیخ الجامعہ کی این ای ڈی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔
ممبر سنڈیکیٹ نادرہ پنجوانی، پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل، چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر طارق رفیع، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ، سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نور احمد سموں اور چیئرمین آئی ای پی انجینئر سہیل بشیر نے اس موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی کی خدمات کو سلام پیش کیا۔