• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈین تاجر پر تنقیدی خبر، امریکی صحافی کی بھارتی شہریت منسوخ

کراچی (بابر علی اعوان/ اسٹاف رپورٹر) ممتاز ہندوستانی تاجر پر تنقیدی خبر کی اشاعت کے بعد ایک امریکی صحافی کی بھارتی شہریت منسوخ کر دی گئی جس پر اس نے بھارتی حکومت پر کیس کر دیا ہے۔ امریکہ میں رائٹرز نیوز ایجنسی کے لیے سائبر سیکورٹی کا احاطہ کرنے والے رافیل سیٹر کو دسمبر 2023کے اوائل میں بھارت کی وزارت داخلہ سے ایک مکتوب موصول ہوا جس میں ان پر الزام لگایا گیا کہ وہ ایسا کام کر رہے ہیں جس نے بد نیتی سے بھارت کی ساکھ کو داغدار کیا اور انہیں بتایا گیا کہ ان کے اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دسمبر 2023 میں رافیل سیٹر کو بھیجے گئے خط کے مطابق ان کی او سی آئی کی حیثیت کو ان کے مبینہ طور پر "بغیر مناسب اجازت کے صحافت کرنے" اور "بین الاقوامی طور پر ہندوستانی اداروں کے خلاف بدنیتی سے منفی اور متعصبانہ رائے پیدا کرنے کے لیے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ رافیل سیٹر کے وکلاء نے نوٹ کیا کہ ان کی شہریت کی منسوخی بالکل اسی وقت ہوئی جب ہندوستان میں ان کے خلاف ایک اسٹوری کے لیے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا جو انہوں نے ہندوستانی سائبر سیکیورٹی کمپنی اپین اور اس کے شریک بانی رجت کھرے پر لکھی تھی۔ رائٹرز کے لیے رافیل سیٹر کی اسٹوری بعنوان “کیسے ایک بھارتی اسٹارٹ اپ نے دنیا کو ہیک کیا” تھی جس میں انہوں نے ایپن کے کاموں کو بے نقاب کیا اور الزام لگایا کہ یہ ایک ہیک فار ہائر پاور ہاؤس بن گیا ہے جس نے ایگزیکٹوز، سیاست دانوں، فوجی حکام اور دنیا بھر کے امیر اشرافیہ کے راز چرائے۔ اسی دن جب سیٹر کو او سی آئی کارڈ کی منسوخی کا نوٹس موصول ہوا، دہلی کے ایک جج نے اس اسٹوری کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا، اور اسے عارضی طور پر ہٹانے پر مجبور کیا۔ اسے 10 ماہ بعد بحال کیا گیا۔ رافیل سیٹر کی نمائندگی کرنے والی وکیل کرونا ننڈی نے کہا کہ وقت نے واضح طور پر دونوں واقعات کو جوڑا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، ہندوستانی قانون کے تحت، ہتک عزت شہریت کی منسوخی کی بنیاد نہیں ہے۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی تحقیقات کے مطابق اپین کی تحقیقات کرنے والے کم از کم 15 میڈیا اداروں کو قانونی نوٹس موصول ہوئے اور پانچ کو قانونی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دی نیویارکر اور سنڈے ٹائمز ان اداروں میں شامل ہیں جنہوں نے قانونی کارروائی کا سامنا کیا ہے، رجت کھرے نے اپنے نام کی اشاعت والی ایک اسٹوری کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں قانونی کارروائی بھی شروع کی ہے۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے ان مقدمات کو قابل مذمت قرار دیا۔ رافیل سیٹر کے معاملے کی پہلی عدالت میں اس ہفتے دہلی میں سماعت ہوئی۔ گارڈین کو بھیجے گئے ایک بیان میں رافیل سیٹر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اوورسیز سٹیزن کارڈ کی منسوخی نے مجھے اپنے خاندان اور ایک ایسے ملک سے دور کر دیا ہے جس سے میں بہت پیار کرتا ہوں۔ اس حوالے وزارت داخلہ سے رافیل سیٹر کے کیس کے سلسلے میں موقف لینے کی کوشش کی گئی تاہم جواب موصول نہیں ہوا۔ مودی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی سے اقتدار میں رہتے ہوئے 100 سے زیادہ او سی آئی کارڈ منسوخ کیے۔
اہم خبریں سے مزید