اسٹار جوڑی کبریٰ خان اور گوہر رشید کے ہاں ننھے مہمان کی آمد سے متعلق فہد مصطفیٰ کی مزاحیہ گفتگو وائرل ہوگئی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ ان دنوں اپنے رمضان اسپیشل گیم شو کی میزبانی کے باعث خبروں میں ہیں۔
وہ اکثر اپنے شو میں مشہور شخصیات کے ساتھ دلچسپ گفتگو کرتے ہیں اور اس بار انہوں نے کبریٰ خان اور گوہر رشید کے حوالے سے ایک ایسا بیان دیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
کبریٰ خان اس گیم شو میں پہلے بھی بطور مہمان شرکت کرچکی ہیں، جہاں وہ شرکاء کو انعامات جیتنے میں مدد دیتی رہیں، لیکن حالیہ قسط میں ان کے شوہر اور اداکار گوہر رشید بھی ان کے ہمراہ شریک ہوئے، جس پر شائقین نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
شو کے دوران فہد مصطفیٰ نے کبریٰ خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کبریٰ گوہر کو بھی اب بچوں کا شوق پیدا ہوگیا ہے تو انشاء اللّٰہ اگلے سال ہم بھی خوشخبری سنیں گے۔
اس پر گوہر رشید نے بھی قہقہہ لگاتے ہوئے انشاء اللّٰہ کہہ کر مہر ثبت کردی، فہد نے مزید مذاق کرتے ہوئے کہا کہ لڑکا پرعزم لگ رہا ہے!
جبکہ کبریٰ خان یہ سب سن کر شرماتی رہیں اور ہنسی چھپانے کی کوشش کرتی رہیں۔
جیسے ہی یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، صارفین نے ملا جلا ردعمل دینا شروع کردیا۔
کچھ لوگوں نے اس دلچسپ لمحے کو بھرپور انجوائے کیا، جبکہ کچھ نے فہد مصطفیٰ کو نجی زندگی سے متعلق سوالات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، کبریٰ خان شو کے دوران بھی خاموش اور حیران نظر آئیں، جبکہ گوہر رشید نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔