پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے، یہ تمام دہشتگردوں کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، دہشتگردوں کو اکٹھا کرنے والی را ہے، وہ انکی فنڈنگ کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو رہے ہیں، گرینڈ آپریشن کی کیا ضرورت ہے؟ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سے دہشتگردوں کو جہنم واصل بھی کیا جا رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں را کا ہاتھ ہے، تمام افراد کو بازیاب کروایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کےلیے افغان سرزمین کا استعمال ہونا افسوسناک ہے، افغان حکومت کو دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔
رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ بیرونی عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کےلیے پوری قوم اور ادارے پُرعزم ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئی بڑا آپریشن نہیں ہو رہا، خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کیخلاف روزانہ آپریشن ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی وقار اور سلامتی کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنائیں گے، دہشتگردی پر جو پروپیگنڈا بھارت کر رہا ہے وہ ایک مخصوص سیاسی جماعت بھی کر رہی ہے۔