• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیوبر نے ٹریفک جام میں پھنسی ایمبولینس کو نکلوا کر لوگوں کے دل جیت لیے


بھارت کے شہر بنگلور میں ایک یوٹیوبر نے ٹریفک جام میں پھنسی ایمبولینس کو نکلواکر لوگوں کے دل جیت لیے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت کے شہر بنگلور میں ٹریفک جام کے دوران مریض کو اسپتال لے جاتے ہوئے ایک ایمبولینس پھنسی ہوئی تھی، تاہم یوٹیوبر نے تھوڑی سی ہمت کر کے اسے راستہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یوٹیوبر نے اپنی موٹر سائیکل رانگ سائیڈ کی جانب دوڑانا شروع کردی جو کہ انتہائی خطرناک عمل تھا اور آگے جا کر ٹریفک رکواکر لوگوں سے ایمبولینس کو راستہ دینے کی درخواست کی، جس پر شہریوں نے بھی صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں کچھ دیر کیلئے روک لیں اور ایمبولینس کو با آسانی گزرنے کا موقع دیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں صارف نے لکھا کہ ’ٹریفک میں پھنسی ایمبولینس کا مشاہدہ کرتے ہوئے، میں جانتا تھا کہ مجھے اسے نکلوانے کیلئے کچھ کام کرنا چاہیے۔ میں نے مجمع  کو دور کرنے کےلیے رانگ سائیڈ  سے ڈرائیو کرنے کا خطرہ مول لیا اور ایمبولینس کو آگے بڑھانے کےلیے ایک اور بھلے انسان کے ساتھ یہ کام سر انجام دیا۔‘

صارف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اس تجربے نے مجھے پہل کرنے کی اہمیت اور جان بچانے کےلیے اجتماعی اقدام کرنے کی طاقت سکھائی ہے کیونکہ کسی کو فائدہ پہنچانے یا جان بچانے کیلئے ایک منٹ بھی  بہت ہوتا ہے۔

یوٹیوبر کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ ویڈیو پر  مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔