لاہور(نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اورپارٹی کے سینئرعہدیداران اور کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا دہشتگردی عروج پر ہے ، وزیراعظم قومی اتفاق رائے کیلئے دوبارہ اجلاس بلائیں ،بلوچستان،KP کی صورتحال تشویشناک ہے ، اجتماعی فیصلے کرنا ہونگے ،اپوزیشن اپنے لیڈر کے علاوہ بھی مسائل دیکھے ،سلامتی پر اکٹھا ہونا پڑے گا متحد پاکستان ہی دہشت گردوں کا مقابلہ کرسکتا ہے ،قومی ایشوز پر ہمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا عوام اس وقت غربت اور بے روزگاری کا سامنا کررہے ہیں ان کے مسائل کا حل ترجیح ہونا چاہئے، اپوزیشن تنگ نظری کی سیاست چھوڑ کر عوام کا سوچیں ، انہوں کہا گورنر پنجاب کی انتھک کوششوں کی وجہ سے لاہور سمیت پورے صوبے میں پیپلز پارٹی اپنے کھوئے ہوئے مقام کو ضرور حاصل کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں زندہ رہنے کے لئے کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں اپنے بل بوتے پر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کریں گے ، دلی خواہش ہے کہ شہیدوں کا وارث ملک کا وزیر اعظم بنے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اب تک جتنی افطاریاں گورنر ہائوس میں کروائیں ہیں ان میں حکومت کا ایک روپیہ تک نہیں لگایا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، فیصل میر، امتیاز صفدر وڑائچ سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت میڈیا نمائندگان،پیپلز پارٹی کے کارکنان اور ورکرزکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔