کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹیل کرپشن کیس کا 12 سال بعد ڈراپ سین ہوگیا، سندھ ہائی کورٹ نے نیب کی جانب سے پاکستان اسٹیل کے سابق چیئرمین معین آفتاب اور ثمین اصغر دیگر ملزمان کے خلاف اپیلیں واپس لینے پر خارج کردیں۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جسٹس حسن اکبر پر مشتمل بینچ کے روبرو احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نیب نے 5 ریفرنسز میں اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ نیب نے پاکستان اسٹیل کے سابق چیئرمین اور دیگر ملزمان کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔ عدالت نے اپیلیں واپس لینے پر خارج کردیں۔ ملزمان کی بریت کے خلاف دائر اپیلیں نیب بورڈ کی سفارش پر واپس لیں گئیں۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے پاکستان اسٹیل میں کرپشن کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ چیئرمین اسٹیل معین آفتاب، ثمین اصغر اور دیگر ملزمان کے خلاف 12 ریفرنس بنائے گئے تھے۔