• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ ایئر ایمبولینس کی مسجد الحرام کے نئے ہیلی پیڈ پر کامیاب لینڈنگ، ویڈیو آ گئی


سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سعودی عرب میں مسجد الحرام کے نئے ہیلی پیڈ پر ایئر ایمبولینس کی کامیاب آزمائشی لینڈنگ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

سعودی ہلالِ احمر نے مسجد الحرام کی تیسری منزل پر نئے ہیلی پیڈ پر ایئر ایمبولینس کی لینڈنگ کی کامیاب آزمائش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جدید ہیلی پیڈ خصوصی طور پر ایئر ایمبولینس سروس کے لیے تیار کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد زائرین کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنا ہے۔

اماراتی مکہ مکرمہ کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں ایئر ایمبولینس کو مسجد الحرام کی تیسری منزل پر اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایئر ایمبولینس میں مریض کو فوری ابتدائی طبی امدادی سہولت فراہم کرنے تمام ضروری اشیاء موجود ہیں، جن میں میڈیکل اسٹریچر اور مخصوص مانیٹر بھی شامل ہے۔

اس ہیلی پیڈ کو مکہ مکرمہ میں مسجد نبویﷺ کی تیسری سعودی توسیع کے حصے کے طور پر تعمیر کیا گیا ہے جو حال ہی میں مکمل ہوا ہے، اسے سالانہ بنیاد پر آنے والے لاکھوں زائرین اور عازمین کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

اس جدید ہیلی پیڈ کو انتہائی احتیاط کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جو ایئر ایمبولینس آپریشنز کو باآسانی ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے مریضوں کی تیزی سے قریبی اسپتالوں تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مذہبی تہواروں کے سیزن خاص طور پر رمضان اور حج کے دوران زائرین اور عازمین کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ کا رخ کرتی ہے، ایسی صورت میں طبی وسائل فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تاہم ایئر ایمبولینس سروس ایک انتہائی اہم اقدام ہے، جو مریضوں کو فوری اور بر وقت دیکھ بھال کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔