• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: گینگسٹر دولہا منڈپ سے گرفتار، دلہن کی شادی مکمل کروانے کیلئے پولیس سے رو رو کر دہائیاں

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ڈرامائی صورتِ حال میں بدل گئی جب پولیس نے ایک گینگ کے لیڈر دولہا کو منڈپ سے گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منڈپ سے دولہا کے گرفتار ہونے پر دلہن نے تھانے پہنچ کر پولیس سے درخواست کی کہ کم از کم 2 گھنٹے کے لیے دولہا کو چھوڑ دیا جائے تاکہ شادی کی رسمیں مکمل ہو سکیں تاہم پولیس نے درخواست مسترد کر دی۔

پولیس کے مطابق ملزم آکاش نیل کنٹھ عرف بھورا کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کیا گیا، اس کے ساتھ اس کے 4 ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا، تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد دلہن سیما مہندی اور ہلدی لگے ہاتھوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچی اور پولیس افسران سے التجا کی کہ اسے اس جرم کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور شادی کے مہمان اس کے گھر میں انتظار کر رہے ہیں۔

دلہن نے درخواست کی کہ اگر رہائی ممکن نہیں تو کم از کم پولیس حراست میں ہی شادی کی رسمیں مکمل کروا دی جائیں مگر پولیس نے اس مطالبے کو بھی قبول نہیں کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آکاش عرف بھورا بھوپال میں سرگرم ایک گروہ کا سربراہ ہے جسے مقامی طور پر ’اِل لیگل گینگ‘  کے نام سے جانا جاتا ہے، اس گینگ میں تقریباً 50 نوجوان شامل ہیں اور کئی ارکان نے اپنی گردن پر ’Illegal‘ کا ٹیٹو بھی بنوا رکھا ہے۔

پولیس کے مطابق آکاش کے خلاف قتل سمیت 31 مقدمات درج ہیں، وہ سیاسی رہنما کے قتل کے مقدمے میں بھی مرکزی ملزم رہ چکا ہے اور تقریباً ڈیڑھ سال جیل میں رہنے کے بعد 4 ماہ قبل ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید