• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: نیا ناظم آباد کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق، ڈرائیور فرار

فوٹو فائل
فوٹو فائل

کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا، ٹینکر تحویل میں لے لیا گیا، واقعہ سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں بے لگام ہیوی ٹریفک کے باعث عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کے روز تیز رفتار واٹر ٹینکر ایک اور خاندان کے اجڑنے کا سبب بن گیا۔

 ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور موقع پر پیدا ہونے والا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ شوہر عبدالقیوم حاملہ اہلیہ کو چیک اپ کروانے کیلئے موٹرسائیکل پر اسپتال لے جا رہا تھا کہ فلائی اوور کے نیچے تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے باعث موٹر سائیکل سوار اور اس کی زوجہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس ریسکیو اہلکاروں کی طرف سے اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد زخمی خاتون نے بچے کو جنم دیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے باپ، ماں اور نومولود بچہ جاں بحق ہوگئے۔

رواں برس ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 221 جبکہ ہیوی ٹریفک کی ٹکر کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 65 ہوچکی ہے۔

پچھلے کچھ عرصے سے کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز اور ٹینکروں کی وجہ سے کچلے جانے والے لوگوں کی بڑھتی تعداد خدشات کو جنم دے رہی ہے جبکہ دیگر حادثات کی تعداد بھی احتیاطی اقدامات کی متقاضی ہے۔

ایک تجویز یہ سامنے آئی تھی کہ ہیوی ٹریفک کو رات گیارہ بجے سے صبح 6 بجے تک سڑکوں پر آنے کی اجازت دے کر جانی نقصانات کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔ اس باب میں بعض حکومتی اعلانات بھی سامنے آئے مگر مسئلہ تاحال اپنی جگہ موجود ہے۔

قومی خبریں سے مزید