بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی طلاق کے بعد بھی پاکستانی ملبوسات سے محبت کم نہ ہوئی، اس بار بھی عید پر انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر کا انتخاب کیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھارتی سابقہ کھلاڑی نے عید کے دوسرے روز عید کی خوبصورت تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
سابقہ ٹینس اسٹار نے فالوورز کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اہل خانہ کے ہمراہ سج دھج کر تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر میں سابقہ کھلاڑی کو کریمی اور بلش پنک کے امتزاج سے تیار کردہ پرنٹڈ کھڈی سلک کرتے اور ٹیولپ شلوار کے ساتھ آرگنزا کا ڈوپٹہ زیب تن کئے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ خوبصورت جوڑا پاکستانی ڈیزائنر ثانیہ مسکتیہ کا ہے۔
ثانیہ مسکتیہ کی ویب سائٹ کے مطابق اس مکمل جوڑے کی قیمت 1 لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے ہے۔
صرف ثانیہ مرزا نے ہی نہیں بلکہ ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک اور ان کی والدہ نسیمہ مرزا نے بھی عید کے پُر مسرت موقع پر ثانیہ مسکتیہ کا ہی انتخاب کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھارتی کھلاڑی نے عید کے موقع پر پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کا انتخاب کیا تھا۔