کراچی ایئر پورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی کرنسی کی کینیڈا اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ٹورنٹو کے مسافر کے قبضے سے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر کے ملزم مسافر کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق مسافر عرفان الحق ٹورنٹو جانے کے لیے کراچی ایئر پورٹ پہنچا تھا۔
اے ایس ایف کے ماہر عملے نے مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران بیگ کو مشکوک قرار دیا۔
بیگ کی دستی تلاشی کے دوران 70 ہزار امریکی ڈالرز، 22 سو کینیڈین ڈالرز کے علاوہ 1 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق ملکی اور غیر ملکی کرنسی کی کینیڈا اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کو مزید کارروائی کے لیے برآمد شدہ کرنسی کے ساتھ کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔