• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر بھارت میں اعتراضات، ماورا حسین نے کیا کہا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے بھی فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارت کی انتہا پسند سیاسی جماعتوں اور دیگر سمیت انڈین فلم اینڈ ٹیلی وژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر فلم ساز اشوک پنڈت نے فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اعتراضات اُٹھائے اور ان کی فلم’ابیر گلال‘ کے ریلیز ہونے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

اس حوالے سے ماورا حسین نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں ایسی باتوں کو دل پر نہیں لیتی، دنیا ہمیشہ سے اسی طرح چلتی آ رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اگر تقدیر میں ایسا ہونا لکھا ہوگا تو ایسا ہی ہوگا کوئی روک نہیں سکتا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اس طرح کی دھمکیوں کو اپنے کام پر اثر انداز نہیں ہونے دیتی اور ہمیشہ وہی کام کرتی ہوں جو مجھے پسند ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال پروڈیوسرز کا سر درد بنتی ہے جو افسوسناک ہے لیکن یہ ان کا مسئلہ ہے اداکاروں کا نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر میں بلاوجہ اپنے دماغ کو ان باتوں میں الجھاؤں گی جو میر امسئلہ ہیں ہی نہیں تو میں ہمیشہ بے چین رہوں گی۔

ماورا حسین نے فواد خان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ساتھی اداکار اچھا کام کرتے ہیں تو ہم ایک دوسرے کی تعریف کرتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ فلم ’ابیر گلال‘ باکس آفس پر کامیاب ہوگی۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حالات اجازت دیں تو میں ضرور بھارتی فلموں میں کام کرنا چاہوں گی اور مجھے امید ہے کہ ایک دن ہم سنیما میں بہتر دن دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ 2016ء میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا، اس پابندی کو باضابطہ قانونی شکل دینے کے لیے بھارتی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی جانب سے 2023ء میں عدالت میں اپیل دائر کی گئی تھی جو بھارتی عدالت نے مسترد کر دی تھی۔

بھارتی عدالت نے شیو سینا کی جانب سے دائر کردہ اپیل مسترد کرتے ہوئے پاکستانی فنکاروں پر عائد خود ساختہ پابندی ختم کر دی تھی۔

اس کے باوجود ہندو انتہا پسند جماعتوں نے پاکستانی فنکاروں کے بالی ووڈ میں کام کرنے پر خود ساختہ پابندی کو برقرار رکھا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ 2018ء کے بعد سے اب تک کسی پاکستانی فنکار نے بھارتی پروجیکٹ میں کام نہیں کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید