اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت کنفرم کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے خلاف احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمر ایوب کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 9 درخواستوں پر سماعت کی۔
ریکارڈ پیش نہ کرنے پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اظہارِ برہمی کیا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ تفتیشی افسر نے لے کر آنا ہے وہ ابھی تک نہیں آیا۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس میں کہا کہ یہ نوابوں کی طرح آتے ہیں میں ان کا ملازم نہیں ہوں، میں آئی جی یا ڈی جی کا ملازم نہیں ہوں۔
جج نے کہا کہ جب ریکارڈ کا کہیں تو کبھی کوئی بہانہ، کبھی احتجاج، کبھی ڈیوٹی آ جاتی ہے، اگر 20 منٹ تک ریکارڈ نہیں آتا تو ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کر دوں گا۔
عمر ایوب کے خلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن، ترنول، کوہسار، آبپارہ اور مارگلہ میں مقدمات درج ہیں۔