لاہور(نمائندہ جنگ) وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کے کاشتکاروں کے لئے 110 ارب روپے کامجموعی پیکیج دےدیا،ہر کسان کو 5ہزار فی ایکڑ دیئے جائینگے، 25ارب کا ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام ، الیکٹرانک وئیر ہاؤسنگ ری سیٹ پالیسی بھی منظور، 100 ارب کی کریڈٹ لائن بنانے ، فلور ملوں کو کم از کم 25فیصد گندم خریداری کا پابند بنانے کیلئے لازمی ترمیم کا حکم،کسان کارڈ سے55ارب کی خرید اری،26 ارب سبسڈی دی گئی، ہر ضلع میں زیادہ گندم اگانے والےکاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر اور مجموعی طور پر10کروڑ 40لاکھ روپے انعام ملیں گے، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ گندم کے کاشتکاروں کیلئے25ارب روپے کی ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کے امدادی پیکیج کی منظور ی دی گئی اورگندم کے کاشتکاروں کو 5ہزار فی ایکڑ دینے کی ہدایت کی گئی ۔ گندم کے 5ایکڑ پر کاشتکاروں کو 25 ہزار روپے ملیں گے۔ وزیراعلیٰ نے فلور ملوں کو کم از کم 25 فیصد گندم خریداری کا پابند بنانے کیلئے لاز می ترمیم کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے ”الیکٹرو نک وئیر ہاؤسنگ ری سیٹ“ پالیسی کی منظوری دے دی اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت کو گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ، بنک آف پنجاب کو 100 ارب روپے کی کریڈٹ لائن قائم کرنے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے گندم کے کاشتکار وں نے تقریباً 55ارب روپے کے زرعی مداخل خریدے۔ گندم کے کاشتکاروں کو 9500ٹریکٹر پر 10ارب روپے سبسڈی ، 1000ٹریکٹر 2.5ارب روپے کی لاگت سے مفت دیئے گئے۔کاشتکاروں کو 8ارب روپے ٹیوب ویل سولرائزیشن کی مد میں سبسڈی دی گئی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کاشتکاروں کو5ہزار سپر سیڈر پر8 - ارب روپے سبسڈی دی جاری ہے۔ گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ فارمر سپورٹ پروگرام کے تحت تقریباً25ارب روپے دیئے جائیں گے۔ سب سے زیادہ گندم اگانے والے کاشتکار کو45لاکھ روپے کا 85ہارس پاور ٹریکٹر ، دوسرے نمبر آنے والے کاشتکار کو 40لاکھ روپے کا 75ہارس پاور ٹریکٹر ،تیسرے نمبر گندم اگانے والے کاشتکار کو 35لاکھ روپے کا 60ہارس پاور ٹریکٹر ملے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر ضلع میں سب سے زیادہ گندم اگانے والے کاشتکار کو 10لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر 8لاکھ روپے اور سوم کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔ مجموعی طور پر گندم اگاؤ مہم میں کاشتکاروں کو10کروڑ 40لاکھ روپے بطور انعام ملیں گے۔ پنجاب میں گندم کے کاشتکار وں کی رہنمائی کے لئے سوا ارب روپے کاایگریکلچر انٹرنی پروگرام شروع کیا گیا۔ اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کسانوں کو 25ہزار روپے فی بلاک مجموعی طور پر ساڑھے 37کروڑ روپے ملیں گے۔