کراچی( مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) معروف ایوارڈ یافتہ طبلہ نواز استاد بشیر خا ن جمعرات کی صبح کراچی میں حرکت قلب بند ہونے باعث انتقال کرگئے، متعدد قومی اعزازات حاصل کرنے والے، استاد بشیر خان نے اپنی زندگی جنوبی ایشیائی کلاسیکی موسیقی کے تحفظ اور فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی ، پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر کے ساتھ، انہوں نے دنیا بھر میں لاتعداد مراحل طے کیے، موجود دور کے مشہور موسیقاروں کے ساتھ دنیا بھر اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا، ان کی تال پر مہارت، روایت کی گہری معلومات اور گہری عاجزی نے انہیں نسلوں کے طلباء کے لیے ایک محبوب استاد اور سرپرست بنا دیا تھا،ان کی نماز جنازہ جمعہ کو جامع مسجد اقصی نصرت بھٹو کالونی میں بعد نماز جمعہ ادا کی جائیگی، بدھ کی شب اچانک انکی طبعیت بگڑنے پر انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد دوا تجویز کرکے گھر بھیج دیا تھا تاہم جمعرات کی صبح انکی طبیعت میں دوبارہ بگاڑ پیدا ہوا اور انہیں اسپتال منتقل کے دوران حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وہ انتقا ل کرگئے۔