سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ نے کراچی کے علاقے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم اغواء میں ملوث 4 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق اغواء کار فیس ماسک، واکی ٹاکی، ہتھکڑیاں اور اسلحہ استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو اسٹیل ٹاؤن کے ویران علاقے میں لے جاتے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گروہ تاوان وصول کرنے کے بعد شہریوں کو شہر کے دوسرے علاقوں میں چھوڑ دیتا تھا، گرفتار ملزم امتیاز عرف سلمان، عبید الرحمان عرف آبی، شاہد عرف موسیٰ اور سلیم کے قبضے سے پستول، جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی، موبائل فونز، واکی ٹاکی اور ہتھکڑیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان نے 13 اپریل کوشہری کو اغواء کر کے بٹ کوائن اور ہنڈی حوالہ سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ اغوا کے بعد شہری سے آئی فون چھین کر رقم طلب کی گئی اور ملیر 15 پر چھوڑ دیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک اور واردات میں 20 اپریل کو شہری کو اغوا کر کے اے ٹی ایم اور ایزی پیسہ سے 5 لاکھ روپے نکلوائے اور متاثرہ شہری کو صبح 10 بجے اللّٰہ والی چورنگی پر چھوڑا گیا، جس کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے۔
علاوہ ازیں تیسری واردات میں کسٹم اہلکار بن کر اورنگی ٹاؤن میں فیکٹری سے 6، 7 لاکھ روپے بلیک میل کر کے وصول کیے۔
سی ٹی ڈی حکام نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔