وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر حملے عالمی جمہوریت کےلیے خطرہ ہیں۔
آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے سچ کی خاطر جان کی قربانی دینے والے صحافیوں کو سلام اور اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینی صحافیوں کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اظہارِ رائے کی آزادی آئینی حق ہے، سندھ میں صحافی سب سے زیادہ محفوظ اور آزاد ہیں، سندھ حکومت نے کسی صحافی کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو سنسنی خیزی اور ریٹنگ کےلیے افواہ سازی سے گریز کرنا چاہیے، کینالوں کے ایشو پر پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے خلاف ہر طرح کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔
صوبائی وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کو ہر طرح کی آزادی دے رکھی ہے۔ صحافی مثبت کاموں کو بھی سامنے لائیں خصوصاً کراچی کے امیج کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں۔