• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ، ن لیگ و پی ٹی آئی کارکن شریک


لندن میں مسلم لیگ ن کے تحت بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا گيا، جس میں تحریک انصاف سمیت پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہوئے۔

مسلم لیگ ن برطانیہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا، جس میں  میں لندن سمیت برطانیہ بھر سے آئے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور بھارتی ہائی کمیشن کے اطراف کا علاقہ پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

احسن ڈار صدر مسلم لیگ ن برطانیہ نے کہا کہ ہم بھارت کے عوام کے دشمن نہیں، ہمیں ہندوتوا کے نظریے سے اختلاف ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ہر واقعہ کے بعد اس کا الزام پاکستان پر لگا دینا بھارت کی پرانی عادت ہے، بھارتی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے دہشت گردی کے ایسے واقعات کا سہارا لے کر عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔

مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں، بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی پر بھارت سے جواب طلب کریں، پاکستان نے کھلے دل کے ساتھ غیر جانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، جبکہ دوسری طرف بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث ہے جس کے واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔

شرکاء نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو اسے فروری 2019 والی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان کا ہر عام شہری بھی بھارت سے لڑنے کیلئے تیار ہے۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید