پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر فرانسیسی میڈیا بھی نریندر مودی حکومت کی جعل سازی پر بول پڑا۔
فرانسیسی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نےحقائق چھپاتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا، سوشل میڈیا پر جھوٹی ویڈیوز، تصاویر کو بھارتی حکومتی پشت پناہی حاصل ہے۔
پہلگام میں ایک جوڑے کی پرانی ویڈیو کو مقتول سیاحوں سے جوڑ کر غلط بیانی کی گئی، حملے کے بعد سوشل میڈیا پر لیفٹیننٹ نورول کی شناخت کو جھوٹے مواد سے جوڑ دیا گیا۔
فرانسیسی میڈیا کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر شیئر ویڈیوز میں دکھائے گئے افراد کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، جھوٹا مواد بھارتی نیوز چینلز پر بھی نشر کیا گیا، فیک نیوز کے خلاف متاثرین نےخود سامنے آکر حقائق واضح کیے، ویڈیو، تصاویر کا کوئی مستند سورس نہ ملنا ان کے جعلی ہونے کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے میں 26 سیاح کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے اس کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانیوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی پروازوں کیلئے بند کردی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کروانے کی پیشکش بھی کی گئی، جس کا بھارت کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا، جبکہ چین، ترکیہ اور سوئٹزر لینڈ سمیت کئی ممالک نے پاکستان کے اس مؤقف کی حمایت کی ہے۔
چین کے بعد ترکیہ نے بھی بھارتی جارحانہ بیانات پر پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔