پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے ان کے اہلِ خانہ اڈیالا جیل پہنچ گئے۔
بشریٰ بی بی کی فیملی ممبران میں ان کی بیٹی مبشرہ اور بھابی مہرالنساء جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ان کی بہنیں علیمہ خان، نورین نیازی، عظمیٰ خانم اور کزن قاسم خان اڈیالا جیل پہنچ گئے۔
اڈیالا جیل جانے والے راستے پر پولیس نے ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کے بعد آگے جانے کی اجازت دی۔
ترجمان بانی پی ٹی آئی نیاز اللّٰہ نیازی کو پولیس نے ناکے پر روک دیا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے وکلاء کی فہرست بھیجی گئی ہے۔ پولیس عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔
نیاز اللّٰہ نیازی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے، عدالتی احکامات کی توہین پر عدالت کو دیکھنا چاہیے۔ ملک میں آئین اور قانون کہیں نظر نہیں آرہا۔