• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں کے تھانوں، پولیس موبائل وہیکلز پر قومی پرچم آویزاں

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں کے تمام تھانوں، پولیس دفاتر، موبائل وہیکلز پر قومی پرچم سربلند کر دیئے گئے۔راولپنڈی پولیس کی جانب سے پاک فوج اور شہریوں سے ملی یکجہتی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قومی پرچم سربلند کردیاگیا۔راولپنڈی کے تمام تھانوں، پولیس دفاتر، موبائل وہیکلز اور پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں قومی پرچم سربلند کردیا گیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق قومی پرچم لہرانے کا مقصد وطن عزیز کی حفاظت کے عزم کا اظہار اور جری افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ راولپنڈی پولیس موجودہ حالات میں ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہے اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ دریں اثناءاسلام آباد پولیس نے بھی تمام تھانوں ،سرکاری گاڑیوں ،اور پولیس دفاتر پر قومی پرچم لہرادئیے ،ہفتہ کو آئی جی اسلام آباد کی جانب سے بذریعہ وائرلیس تمام افسران کو حکم جاری گیا کہ سرکاری گاڑیوں، تھانوں اور دفاتر پر سبز ہلالی پرچم فوری لگایا جائے جس پر اسلام آباد پولیس کی سرکاری گاڑیوں، تھانوں اور دفاتر پر سبز ہلالی پرچم آویزاں کئے گئے ،یہ اقدام قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر دکانوں پر پٹرول پمپوں پر اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کریں۔