• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت افواج میں رابطہ، جنگ و جدل کے بعد امن عمل شروع

اسلام آباد(فاروق اقدس/ٹی وی رپورٹ) جنگ وجدل کے بعد امن عمل شروع ‘ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کا ہاٹ لائن پر رابطہ ‘بات چیت کا پہلا راؤنڈمکمل ‘فریقین نے جنگ بندی برقرار رکھنے ‘ سرحدوں اور اگلے مورچوں پر فوجیوں کی تعداد میں کمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات پر اتفاق کیا جبکہ یہ بھی طے پایاکہ دونوں افواج کے درمیان کوئی فائرنگ نہیں ہوگی، شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا‘پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے کوئی دراندازی نہیں کی جائے گی۔ نمائندہ جنگ کے مطابق مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز نے پیر کو باضابطہ طور پربات چیت کی ہے۔دونوں ڈی جی ایم اوز نے 10 مئی کو فریقین کے درمیان فوجی کارروائی اور فائرنگ روکنے کے لیے طے پانے والے معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔ بھارت کی جانب سے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی اور پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان کے اعلیٰ سطح حکام نے بھی اس رابطے کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں طرف کے ڈی جی ایم اوز نے معاہدے کی خلاف ورزی نہ کئے جانے پر اتفاق رائے کیا۔ذرائع کے مطابق ہاٹ لائن پر یہ بات چیت پہلے دوپہر 12 بجے ہونے والی تھی لیکن یہ گفتگو شام پانچ بجے شروع ہوئی ۔ذرائع کے مطابق دونوں ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت کا دورانیہ لگ بھگ 50منٹ تھا جبکہ دونوں اطراف نے معمول کے ہفتہ وار رابطے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


اہم خبریں سے مزید