• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے پاک افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل، معرکہ حق کا نام دینے،اسے ہر سال 10؍مئی کومنانے اور شہداء پیکیج کے اعلانات کیے ہیں۔10؍مئی 2025ءکو آپریشن بنیان مرصوص بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔پاکستان نے 22؍اپریل سے 10؍مئی کی صورت حال کومعرکہ حق قرار دیا ہے جو فضائی زمینی، بحری اور ساءبر محاذ پر تینوں افواج کے باہمی اشتراک کا ایک بےمثال مظاہرہ تھا اور یہ قومی قوتوں کی ہم آہنگی اور قوم کے غیر متزلزل عزم کی عظیم مثال بن گیا۔منگل کو آئی ایس پی آر نے معرکہ حق کے دوران شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔11جوان مادر وطن پر قربان اور 76اہلکار زخمی ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10مئی کو معرکہ حق منانے کا اعلان کرتے ہوئے شہداء پیکیج دیا ہے جس کے تحت پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10لاکھ سے 20لاکھ روپے دیئے جائینگے۔پاک فوج کے شہداء کے ورثا کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے، گھر کی سہولت کیلئے رینک کے حساب سے ایک کروڑ 90لاکھ سے 4کروڑ 20 لاکھ روپے دیئے جائینگے۔شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی تنخواہ مع الاؤنسز جاری رہے گی۔بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر اور زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔پاک فوج کے ترجمان نے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے جرات مندانہ فیصلے اور عسکری، سیاسی، سفارتی اور میڈیا محاذ پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ناقابل تسخیر اخلاقی قوت، عزم، حمایت اور دعائیں فوج کے ساتھ تھیں۔الحمدللہ فوج نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا اور وہ بےشمار مدد ونصرت پر اللہ کے حضور انتہائی عاجزی سے سجدہ ریز ہے۔

تازہ ترین