کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں احتساب عدالت پشاور نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور کی احتساب عدالت میں کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں ملوث 2 ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کی نیب درخواستوں پر جج رجب علی نے سماعت کی۔
عدالت نے نیب کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا جبکہ نیب کے احکامات کی توثیق کردی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان ممتاز خان اور محمد ریاض کوہستان مالی اسکینڈل میں ملوث ہیں، نیب کے پی کوہستان کے اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل کی تحقیقات کر رہا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے اثاثوں میں 7 لگژری گاڑیاں اور اسلام آباد میں مختلف پراپرٹیز ہیں، ملزمان نے بےنامی داروں کے نام پر اسلام آباد میں فارم ہاؤسز، رہائشی گھر اور فلیٹس بنائے ہیں۔