ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ توقع ہے پاک بھارت سیز فائر برقرار رہے گا، ہاٹ لائن کھلی ہوئی ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 4 دن تک میزائل اور فضائی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے سینئر افسران ہاٹ لائن پر بات کرتے رہتے ہیں اس لیے امید ہے سرحد پر امن برقرار رہے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی حملوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر پاکستان بہت شفاف رہا ہے امید ہے بھارت نے بھی ایسا ہی کیا ہوگا۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے، جنوری 2024 سے اب تک 3700 سے زیادہ دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں، اس ساری دہشت گردی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھارت کر رہا ہے، 17 ماہ میں دہشتگردی کے واقعات میں 3896 افراد شہید ہوئے، 3896 شہداء میں سے 2582 سویلین اور سیکیورٹی اہلکار ہیں۔
بھارت امریکا یا اسرائیل نہیں،اور پاکستان افغانستان یا فلسطین نہیں
افواجِ پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ بھارت امریکا یا اسرائیل نہیں اور پاکستان افغانستان یا فلسطین نہیں، پاکستان بھارتی تسلط کے سامنے نہیں جھکے گا، بھارت جتنی جلدی یہ سمجھ جائے علاقائی اور عالمی امن کیلئے اچھا ہوگا۔