مصنّف: ڈاکٹر احمد نصیر
صفحات: 112، قیمت: 800 روپے
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2610434 - 0345
احمد نصیر، ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں اور اُنہوں نے ادبی سفر کا آغاز شاعری سے کیا۔ برسوں میرپورخاص(سندھ) کے ادبی منظر نامے کا حصّہ رہے اور اب کراچی میں مسقتل قیام ہے۔شاعری میں سنجیدہ ہیں، لیکن نثر میں مزاح نگاری کو ذریعۂ اظہار بنایا۔
زیرِ نظر کتاب، ڈاکٹر احمد نصیر کے شگفتہ سفری مضامین کا مجموعہ ہے۔ ان کی شگفتہ نگاری کو محمّد خالد اختر اور سیّد ضمیر جعفری جیسے بڑے قلم کاروں نے بھی سراہا ہے۔ ان کے مزاح میں عامیانہ پن نہیں، جسے’’پھکڑپن‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ چچا سام کے دیس میں، تھائی مساج، تُرکی بہ تُرکی، ملائیشیا یاترا، سیلون کی کینڈی، دُبئی چلو اور شہر سے دُور، جیسے عنوانات سے بھی کتاب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
اِس کتاب میں کسی نقّاد یا دانش وَر کا توصیفی مضمون نہیں، حد یہ ہے کہ اُنہوں نے اپنے بارے میں خود بھی کچھ نہیں لکھا۔ اب اسے انکسار کا نام دیا جائے یا بے نیازی کہا جائے۔
یاد رہے، ڈاکٹر احمد نصیر کے مزاحیہ مضامین کا مجموعہ’’ غیر مطبوعہ‘‘ 1998ء میں اور سفرنامۂ امریکا’’سفر پارے‘‘ 2004ء میں، جب کہ شعری مجموعہ ’’ آگہی کا عذاب‘‘2019ء میں منظرِ عام پر آیا۔