وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں ایرانی وفد نے مذاکرات سے متعلق اپنے موقف سے آگاہ کردیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ وفد بھی شامل تھا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا وزیراعظم ہاؤس میں خیر مقدم کیا، ایرانی وزیرخارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات کے دوران دوسرے سینئر حکام بھی موجود تھے، وزیراعظم نے خطے اور اس کے باہر امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے پاکستان کی جامع اور مسلسل سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد گزشتہ رات اسلام آباد پہنچا۔
نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔