• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے بزدلانہ حملوں کے جواب میں معرکہ حق "آپریشن بنیان مرصوص "میں عبرت ناک شکست کے بعد بھی اس کے انتقام کی آگ سلگ رہی ہے اور اس کےایماپر بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے دہشت گردانہ سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔جمعہ کے روز فتنہ الہندوستان کے 20 سے 30 دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر بلوچستان کے شہر سوراب کے بازار میں داخل ہوئے،ہنگامہ آرائی کی، بلوچ خواتین اور بچوں پر تشدد کیا جن کو بچانے کیلئے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت بلیدی جام شہادت نوش کر گئے۔ دہشت گردوں نے بینک لوٹا۔ سرکاری افسروں کے گھروں اور تھانے کو نذر آتش کیا۔ سوراب شہر قلات ڈویژن کاحصہ ہے اور اس کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ یہاں اپنی نوعیت کی یہ بڑی مسلح کارروائی ہے۔ اس سے قبل مسلح افراد نے اس ڈویژن کے ضلع خضدار کے دو شہروں زہری اور ناچ میں اس نوعیت کی کارروائیاں کی تھیں۔ فتنہ الہندوستان نے بلوچ خواتین اور بچوں کو ٹارگٹ کر کے ایک دفعہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کا بلوچستان اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔ بھارت ان دہشت گردوں کو تربیت، اسلحہ اور مالی معاونت کر کے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سوراب میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو قرار واقعی سزا دینے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ان کاکہنا ہے کہ بزدل دہشت گردوں کا معصوم اور نہتے شہریوں (بشمول خواتین اور بچے) کو نشانہ بنانا، بینک اور املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی واضح عکاس ہے۔ انہوں نے شہید ہدایت بلیدی کو خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث تنظیموں کا "کنسورشیم"بنا رکھا ہے جس میں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے، بی ایل ایف، بلوچستان رپبلکن آرمی، جماعت الاحرار اور حزب الاحرار شامل ہیں۔حالیہ واقعہ کی ذمہ داری بھی کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

تازہ ترین