• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار پر بہنوں کے سامنے تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں  موٹرسائیکل سوار کو بہنوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم سلمان فاروقی کو گذری تھانہ منتقل کردیا گیا۔

اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپے مارے گئے، ملزم سلمان فاروقی شہری پر تشدد میں ملوث ہے،  ملزم کو 24 گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، قرار واقعی سزا دی جائے گی،  گرفتار ملزم سلمان فاروقی کا بیان لیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی اسد رضا کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے شہری پر تشدد کیا،  مقدمہ واقعے کے وقت موجود ایک شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،  تشدد کے شکار شہری سے رابطہ کیا جا رہا ہے، ویڈیو بنانے والے شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، عینی شاہد اور متاثرہ شہری کا بیان بھی مقدمے کا حصہ بنایا جائے گا، ہم اچھا کیس تیار کریں گے اور اس کو مثالی کیس بنائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس کے خیابان اتحاد کمرشل میں کار سوار نے موٹر سائیکل سوار پر تشدد کیا تھا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار شخص بہنوں کے ساتھ جا رہا تھا، موٹر سائیکل سے کار کو ٹکر لگی جس کے بعد کار سوار شخص نے موٹر سائیکل سوار شخص پر تشدد کیا۔

پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کی بہنیں کار سوار شخص کی منتیں کرتی رہیں لیکن کار سوار شخص نے منت سماجت پر بھی موٹر سائیکل سوار کو نہیں چھوڑا۔

پولیس کے مطابق کار سوار شخص کی گاڑی کے نمبر سے اس کی شناخت کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید