کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ایک بار پھر خبروں میں ہیں، جب دبئی میں بھارت کی کیرالا کمیونٹی کے ایونٹ میں شرکت کے دوران بھارتی مداحوں کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ پاک بھارت کشیدگی میں وہ پاک فوج کے شانہ نشانہ کھڑے ہوکر سوشل میڈیا پر بھارتیوں کو منہ توڑ جواب دینے والے واحد پاکستانی کرکٹر تھے ۔ تاہم اس کے باوجود بھارتی شائقین میں ان کی مقبولیت کم نہیں ہوئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی شہری شاہد آفریدی کو دیکھ کر پرجوش ہو گئے، نہ صرف ان سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی بلکہ تالیاں، نعرے اور سیٹیاں بجا کر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ’’بوم بوم‘‘ کے نعروں کے ساتھ جب آفریدی کو اسٹیج پر خوش آمدید کہا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا’’ہو گیا بوم بوم‘‘ ایونٹ میں عمر گل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تاہم بھارتی میڈیا اور انتہاپسند عناصر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ مختلف نیوز چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے جنگی صورتحال میں پاکستان کی حمایت کی اُسے ایوارڈ دینا بھارتی قوم کی توہین ہے۔