یاسر حسین نے سوشل میڈیا پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری سب سے بڑی کامیابی میری بیوی ہے۔
نامور اداکار، میزبان اور ہدایتکار یاسر حسین نے حالیہ انٹرویو میں اپنی اہلیہ اقراء عزیز سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا دوٹوک اور خلوص سے بھرپور جواب دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
یاسر حسین نے فلم کراچی سے لاہور سے شہرت حاصل کی اور کئی ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں مہمان بنے جہاں ان سے ان کے متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بارے میں سوال کیا گیا۔
میزبان کے سوال پر یاسر حسین نے نہایت پُرخلوص انداز میں کہا کہ کسی نے میرے کمنٹ کے نیچے لکھا کہ میری زندگی کی واحد کامیابی میری بیوی ہے اور میں کہتا ہوں کہ یہ سچ ہے، اقراء میری سب سے بڑی طاقت ہے میں جتنے بھی کام کرتا ہوں وہ اس لیے ممکن ہوتے ہیں کیونکہ اقراء گھر اور بچے کو سنبھال رہی ہوتی ہے، ہر مرد کی سب سے بڑی کامیابی اس کی بیوی ہی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر لوگ خواتین کے کردار اور قربانیوں کو کم تر سمجھتے ہیں، لیکن اصل میں وہی اصل سہارا ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یاسر حسین کو اکثر اقراء عزیز کی شہرت سے جوڑا جاتا ہے اور کچھ صارفین نے یہاں تک کہا کہ یاسر کی پہچان صرف ان کی اہلیہ کی وجہ سے ہے، خاص طور پر اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ تنازع کے بعد ان پر تنقید میں اضافہ ہوا۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ یاسر کو اقراء جیسی مشہور بیوی مل گئی، ورنہ ان کا اپنا کوئی خاص ہِٹ پراجیکٹ نہیں۔
یاسر حسین کے اس بیان کے بعد بہت سے صارفین نے ان کے خلوص اور بیوی کے لیے عزت کے جذبے کو سراہا، کئی مداحوں نے کہا کہ معاشرے میں مردوں کا اپنی بیویوں کو کھلے دل سے سراہنا ایک مثبت قدم ہے۔