• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آلودگی سے پاک ماحول،سستی توانائی کے حصول اور دوسرے ملکوں پراس کا انحصار ختم کرنے کیلئے دنیا تیزی سےبرقی ٹرانسپورٹ کی طرف منتقل ہورہی ہے۔ اس تناظر میںوزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں برقی گاڑیوں کے فروغ کیلئےمتعلقہ محکموں کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ان کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت اور ان کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی سازی اور لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2025ءکے مسودے پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے ملک میں برقی موٹر سائیکلوں،تین پہیوں والی گاڑیوں اوربسوں کی تیاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیا۔انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنوں اور بیٹری سواپنگ کا قیام یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں دو اور تین پہیوں والی گاڑیاں اندرون ملک تیار کرنے اور ان کی صنعتی استعداد بڑھانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان بیرونی ٹیکنالوجی کے تحت 80کی دہائی سے مقامی طور پر ہلکی کاریں تیار کررہا ہے ۔حالیہ برسوں میں بڑی تعداد میں موٹر سائیکل اور رکشے بھی عام ہوئے ہیں۔ امرواقعہ یہ ہے کہ پاکستان میں آبادی کا 70فیصد سے زیادہ غریب اور درمیانہ طبقہ معاشی طور پر بے حال ہے،جو سستے سفر اور ذرائع نقل و حمل سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ملک ٹرانسپورٹ کے برقی دور میں نہایت کامیابی سے داخل ہوا ہے ۔موجودہ حکومت تیل وگیس جیسی مہنگی توانائی سےنہ صرف عام آدمی بلکہ خود کو چھٹکارا دلانے میں کوشاں ہے،تاہم بجلی کا سستا کیا جانا برقی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کی شرط ہے۔الیکٹرک وہیکلز پالیسی آنے سے ہی عام آدمی کو اس کے فوائد کا پتا چل سکے گا،جس کی تیاری اور اعلان میں کسی طور تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔

تازہ ترین