• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 ماہ میں 2 چھوٹے بہن بھائی اللّٰہ کو پیارے ہوئے، بڑا مشکل وقت گزارا: محمد عباس

فوٹو بشکریہ رپورٹر
فوٹو بشکریہ رپورٹر

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ سے آفرز تھیں بات چیت جاری تھی اس دوران دو ماہ میں دو چھوٹے بہن بھائی اللّٰہ کو پیارے ہوئے، بڑا مشکل وقت گزارا، اب سارا فوکس کرکٹ پر ہے۔

محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ کے دوسرے مرحلے کےلیے انگلینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار سال ہیمپشائر کی نمائندگی کرنے کے بعد ناٹنگھم شائر کے ساتھ پہلا سیزن اچھا جا رہا ہے، تین میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکا ہوں، معاہدے میں توسیع کے بعد 7 میچز باقی ہیں۔

فاسٹ بولر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے اعداد و شمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کرلی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ انگلینڈ میں پرفارمنس ہوتی ہے، میں انہیں کہتا ہوں کہ قائد اعظم ٹرافی تو پاکستان میں ہی ہوتی ہے وہ دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014ء سے قائد اعظم ٹرافی میں میری اوسط 16 ہے جو پاکستان میں بہترین ہے، دنیا میں 600 وکٹیں لینے والے ایکٹو فاسٹ بولرز میں اوسط کے لحاظ سے نمبر ون ہوں، میری 800 فرسٹ کلاس وکٹیں ہونے والی ہیں، ایک میچ میں 10 یا زائد وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہوں۔

محمد عباس کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہیے تھے، بعض اوقات منفی باتیں بھی آتی ہیں لیکن میں ان پر قابو پاتا ہوں اور بہترین سے بہترین پرفارمنس کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت دینی چاہیے جبکہ پاکستان کو ٹیسٹ میچز بھی کم ملتے ہیں، آئی سی سی سے درخواست ہے کہ پاکستان کو زیادہ ٹیسٹ میچز دے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید