• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ونگ کمانڈر(ر) محبوب حیدر سحاب

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن

بال و پَر سے اُن کے، بہارِچمن

قافلے برق کے یہ جَلو میں لیے

جب اُڑیں تو عدو تھرتھرانے لگے

فتح و نصرت قدم چوم کے خُود کہے

رب کی رحمت رہے، اِن پہ سایہ فگن

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن

قوم کا حوصلہ مُلک کے یہ امیں

جوش میں آسماں، ہوش کی یہ زمیں

اِس جہاں میں کوئی اِن کا ثانی نہیں

محوِ پرواز ہیں سر سے باندھے کفن

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن

ماں بہن کی دُعا، اُن کا عزم و یقیں

کہ تگ و تاز سے جو یہ تھکتے نہیں

دشت و دریا و صحرا ہیں زیرِنگیں

شرق تا غرب ہیں اِن کے کوہ و دمن

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن

از زمیں تا فلک حُکم راں ہیں یہی

عظمتوں، جراتوں کے نشان ہیں یہی

عالمی امن کے ترجماں ہیں یہی

یہ بہادر، جرّی، صف شکن، بُت شکن

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن

یہ نگہباں چمن کے، وطن کے عقاب

ہر ادا منفرد، ہر ادا لاجواب

ہوں بفضلِ خدا ہر قدم کام یاب

ان پہ قائم رہے سایۂ پنجتن

میرے شاہین ہیں افتخارِ وطن